چار شہروں کیلئے تشکیل اینٹی اڑیال لیمب لفٹنگ سکواڈ نے کام شروع کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ اڑیال کے تحفظ کے لئے سالٹ رینج کے اضلاع چکوال ، جہلم ، خوشاب اورمیانوالی کے لئے تشکیل دیئے گئے " اینٹی اڑیال لیمب لفٹنگ سکواڈ " نے کام شروع کر دیا ہے۔ اسکواڈز کی تشکیل کا فیصلہ اڑیال کے بریڈنگ سیزن کے آغاز کے باعث کیا گیا ہے۔ خصوصی طور پر تشکیل دیئے گئے اسکواڈز اپنے متعلقہ اضلاع میں اڑیال کے بچوں کی چوری اور غیرقانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کے مجاز ہو ں گے۔انہوں نے یہ بات آج یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اڑیال کے بریڈنگ سیزن کے باعث ان خصوصی اسکواڈز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ اڑیال کے نو زائیدہ بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وائلڈلائف افسران کی سربراہی میں قائم ہرسکواڈ ایک وائلڈلائف انسپکٹر ،3واچرز اورایک ڈرائیورپرمشتمل ہے اور ان اسکواڈز کے انچارج اوردیگراہلکاروں کاانتخاب متعلقہ اضلاع کے بجائے دیگراضلاع سے کیا گیا ہے اور ہرہفتہ بعدان سکواڈز کی جائے تعیناتی تبدیل کر دی جائیگی۔ خالد عیاض خان نے مزید کہا کہ خصوصی اسکواڈز نا صرف اڑیال کے بچوں کے تحفظ کے لئے کام کریں گے بلکہ ان علاقوں میں موجود دیگر جنگلی حیات کے تحفظ اورغیرقانونی شکاریوں کیخلاف بلاامتیازکارروائیاں بھی کریں گے اور ہر ہفتہ بعد رپورٹ کریں گے۔