;نوازشریف سوات آپریشن کے مخالف‘ کس منہ سے امن کا کریڈٹ لے رہے ہیں: چانڈیو
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نوازشریف سوات آپریشن کے مخالف اور طالبان کے بیانیے کے حامی تھے، وہ کس منہ سے وہاں امن کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف سوات آپریشن کے مخالف اور طالبان کے بیانیے کے حامی تھے جبکہ اس آپریشن کے خلاف نواز شریف کے جلسے تاریخ میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف طالبان کو اپنے لوگ کہتے تھے جبکہ پیپلزپارٹی نے سوات آپریشن پارلیمنٹ کی منظوری سے شروع کروایا، آج نواز شریف کس منہ سے سوات آپریشن کا کریڈٹ لے رہے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریر تھی جبکہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، صرف ایک صوبے کا نہیں، آج کے جلسے میں بھی نواز شریف نے لوگوں کو عدلیہ کے خلاف اکسایا۔
چانڈیو