آئی ایم ایف کی اقتصادی دہشتگردی نے پا کستانی معیشت تباہ کر دی:خواجہ حبیب الرحمان
لاہور( پ ر) ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدرخواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کیخلاف اقتصادی دہشتگردی نے معیشت تباہ کر دی ہے، حالات یہی رہے تو پاکستان کے ذرمبادلہ ذخائر کمبوڈیا سے بھی کم ہو سکتے ہیں جبکہ پاکستان آئندہ تین ماہ کے دوران ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ حاصل کرنے پر بھی مجبور ہو جائے گا جبکہ جاری حسابات کا خسارہ بھی16 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے جو جی ڈی پی کا تقریباً 5 فیصد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے موجودہ مالی سال کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں تیسری مرتبہ کمی ہوئی ہے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان اپنی کرنسی کی شرح تبادلہ بتدریج ایڈجسٹ کرتا رہے تاکہ پاکستان میں برآمدات بڑھیں اور درآمدات کے بجائے مقامی طور پر تیار اشیاء کی کھپت میں اضافہ ہو جس سے مقامی صنعتوں کو فائدہ ہو گا اور عوام کے لیے حقیقی روزگار پیدا ہوگا اور مستحکم معاشی ترقی حاصل ہوگی، ملکی معیشت کی تباہی کی اصل وجہ آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر قرضوں کا حصول ہے۔ ایف ٹی اے ٹو سے ملکی انڈسٹری تباہ اور اس کا اثر عام مزدور سے لیکر صنعتکار کو ہوگا اور بیروز گاری بھی بڑھ جائیگی ،ہمسائیہ ملک کو75فیصد اشیا ء پر ڈیوٹی فری رسائی دینے کی تجویز پر نظر ثانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پر ہماری لوکل صنعت کی بنی ہوئی ایک تار بھی استعمال نہیں ہو رہی حالانکہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ معیار کی اشیاء بنا رہا ہے اگر ان کمپنیوں کو ڈیوٹی فری کردیا گیا تو ہماری اشیاء کون خریدے گا۔