چیف جسٹس کیساتھ مشاورت سے غریبوں کو انصاف دلائیں گے: عمران
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت کر ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے، دونوں شریف اللہ کی پکڑ میں آگئے ہیں، عام انتخابات میں عدلیہ کا کردار اہم ہوگا، وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات کا نواز شریف کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، متحدہ مجلس عمل کے قیام سے ہمارے ووٹ بینک کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، سندھ میں اینٹی پیپلز پارٹی اتحاد بنا رہے ہیں، عام انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہوںگے اور حکومت بنانے کیلئے کسی اتحاد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ پانامہ کے بعد حالات اچھے نہ ہونے کی وجہ سے نواز شریف کی نظر بھی کمزور ہو گئی اس لئے انہیں خیبر پی کے میں ہونے والی ترقی نظر نہیں آئی، عدلیہ، فوج اور نیب کے بعد اب الیکشن کمشن پر بھی حملہ کر دیا گیا ہے، یہ ادارے تباہ کر کے ملک پر حکومت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو، ممبر سازی کیمپوں کے دورہ کے موقع پر خطاب اور اپنے ٹوئٹر بیان میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹ بینک 2013ء کے مقابلے میں دوگنا ہوا ہے اور سیاسی مخالفین کو آئندہ عام انتخابات میں یہ نظر آ جائے گا۔ عمران خان نے یوحنا آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں ایسٹر کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشی میں شامل ہوا ہوں۔ میں صرف قائداعظم محمد علی جناح کو اپنا لیڈر مانتا ہوں۔ تحریک انصاف نئے پاکستان میں سب انسانوں کے حقوق کی حفاظت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاسی مافیا ہے جو پولیس کو استعمال کرتا ہے، تیس سالوں سے پولیس کو انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا گیا، میرے اوپر دہشتگردی کے چار کیسز بنا ئے گئے ہیں، یہاں بڑا گاڈ فادر اور چھوٹا ڈان ہے لیکن ہر فرعون کا وقت آتا ہے، یہ اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں اور دونوں کا وقت آ گیا ہے۔ ایک سب سے پوچھ رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، آپ کو 29اپریل کو بتائیں گے آپ کو کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹا ڈان دنیا کا سب سے بڑا ڈرامہ باز ہے، وہ چیک اپ کرانے کے لئے باہر گیا اور بیان آیا ہے کہ میر ا میڈیکل ریکارڈ باہر ہے۔ ٹھیک کہا کیونکہ یہاں پر ریکارڈ جل جاتے ہیں، ایل ڈی اے میں ریکارڈ جلا، میٹرو ٹرین کا ریکارڈ جل گیا لیکن آپ کو حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد میں سرکاری سکول اور نہ ہی کوئی سرکاری ہسپتال ہے، جہاں ہسپتال ہیں وہاں ایک بستر پر چار، چار مریض پڑے ہیں اور آپ چیک اپ کرانے کیلئے باہر چلے جاتے ہیں۔ نواز شریف، اسحاق ڈار اور بیگم کلثوم نواز کا ریکارڈ بھی باہر ہے۔ پنجاب میں 650 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے نام پر خرچ کرتے ہیں لیکن بتائو یہاں کتنے ہسپتال بنائے ہیں، کسی کو پینے کا صاف پانی میسر ہے نہ انصاف اور نہ روزگار ملتا ہے لیکن آپ صرف اپنے لئے میٹرو بسیں اور بڑ ے بڑے پراجیکٹس بناتے ہو۔ تمہارا حساب لینے لگے ہیں۔ یہاں کمپنیاں بنائی گئی ہیں اور احد چیمہ جیسے لوگ تمہار ے فرنٹ مین ہیں۔ تمہارا وقت آ گیا ہے، عام انتخابات میں جیت کر لوٹی ہوئی دولت بیرون ممالک سے واپس لا کر عوام پر خرچ کریں گے، سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کریں گے، ہم بیروزگاروں کی روزگار ملنے تک ذمہ داری لیں گے اور ان کی مالی معاونت کی جائے گی، ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنا کر دکھائیں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے مسیحی رہنمائوں کے ہمراہ ایسٹر کا کیک بھی کاٹا۔ ٹھوکر نیاز بیگ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 2018ء میں عام انتخابات ہونے والے ہیں اس کے لئے سب تیار ہو جائو، یہ مرحلہ ملک کی تقدیر بدلے گا اور نیا پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سوات میں کہتے ہیں کہ خیبر پی کے میں کدھر ترقی ہوئی ، انہیں یہ ترقی دیکھنے کے لئے عینک لگانی پڑے گی کیونکہ پانامہ کے بعد حالات اچھے نہ ہونے کی وجہ سے انکی نظر بھی کمزور ہو گئی ہے۔ وہ سکولوں میں بچوں سے جا کر پوچھتے تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے یا نہیں، ہسپتالوں میں عوام سے صحت کی سہولیات بارے پوچھتے۔ سب سے اہم بات وہاںکی پولیس ہے جسے ہم نے اصلاحات کے ذریعے ٹھیک کیا ہے۔ اسی وجہ سے نواز شریف سوات میں تقریر کر سکے ہیں۔ دہشتگردی کی وجہ سے نواز شریف کا دوست اسفندیار ولی دبئی اور ملائیشیا میں بیٹھا ہوا تھا۔ لاہور قدیم شہر ہے اور لوگ اس کی خوبصورتی کی مثالیں دیتے تھے۔ بڑے گاڈ فادر اور چھوٹے ڈان نے یہاں سیمنٹ ہی سیمنٹ کر دیا ہے۔ 2018ء کے انتخابات کے بعد ہم لاہور کو ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔ ہم یہاں پر درخت لگائیں گے، لوگوں کو پینے کا صاف پانی اور صحت کی بہترین سہولتیں دیں گے جس کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا علاج پاکستان میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب بارش ہوتی ہے تو چھوٹے میاں صاحب جو دنیا کا سب سے بڑا ڈرامہ باز ہے، وہ ہیٹ اور لانگ شوز پہن کر بارش کے پانی میں کھڑا ہو جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے اس کا برا حال کر دیا ہے اور کہا ہے کہ آپ کی شکل اشتہاروں میں نہیں آسکتی۔ اس کے بعد ان کی ترقی ختم ہو گئی ہے۔ نواز شریف تین مرتبہ وزیراعظم بنے اور ملک کا تیس ہزار کروڑ روپیہ چوری کرکے باہر بھجوایا۔ نواز شریف کہتے ہیں میرے نام پر کچھ نہیں، ان کے اربوں پتی بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستان کے شہری ہی نہیں، اسی طرح سمدھی نے اپنے بچوں کو دبئی میںبٹھایا ہوا ہے اور اربوں پتی ہیں اور اسحاق ڈار کہتا ہے میں بچوں سے پوچھتا نہیں۔ وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کے پاس اقامہ ہے۔ ہارٹیکلچر کے کنٹریکٹ وزیر داخلہ کے بھائی کو مل رہے ہیں، سعد رفیق پرائز بانڈز بنا بنا کر ارب پتی بن گیا ہے اور نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے کیس میں نیب کے چکر لگا رہا ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔ بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے کہاکہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جا رہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے، عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی واحد نظریاتی پارٹی ہے، نواز شریف اور مشرف مجھے سیٹیں دینے کی پیشکش کر چکے ہیں، آصف زرداری یا نواز شریف جیسے کرپٹ رہنمائوں سے الحاق نہیں ہو سکتا۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ خالد گجر میرا ٹائیگر ہے، چمروپور میں کارکنوں کا جم غفیر بتا رہا ہے کہ وہ خالد گجر کیساتھ ہیں ،کارکن تیار ہوجائیں اس بار الیکشن میں چوروں اور لٹیروں کو بھاگنے کا راستہ تک نہیں دیں گے، تحریک انصاف لاہور بھر میں اپنا راج قائم کرے گی، انہوں نے ایک ہی دن میں پانچ ہزار کارکنوں کی ممبرسازی کرنے پر خالد گجر اور شبیر گجر کو زبردست مبارکباد دی، علیم خان اور ملک ظہیر عباس کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیں اکبر چوک میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افسوس امریکہ نے پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کپڑے اتار کر تلاشی لی، ایک وقت تھا پاکستان کا وزیر اعظم امریکہ جاتا تو امریکی صدر ائیر پورٹ پر استقبال کرتا تھا۔ جب میں خود برطانیہ پڑھنے گیا تو سبز پاسپورٹ پر پورا یورپ گھومتا تھا جبکہ آج سبز پاسپورٹ پر جائیں تو علیحدہ کھڑا کر دیتے ہیں۔ جو اپنوں کی عزت نہیں کرتا لوگ اس کی عزت نہیں کرتے۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لئے تحفہ ہے۔ مودی کے پاکستان میں مسلمانوں کی حالت دیکھے تو رونا آتا ہے۔ پاکستان میں کرپٹ ٹولا اقتدار پر قابض ہے۔ لاہور کے شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور عوام کو عدالتوں میں انصاف بھی نہیں ملتا پنجاب پولیس کی اصلاح کی بجائے وردیاں بدل کر کے انہیں ڈاکیا بنا دیا ، لاہور میں دو سو ساٹھ ارب روپے کی اورنج ٹرین بنائی گئی ہے، اورنج ٹرین عوام کیلئے نہیں بلکہ پیسہ بنانے کیلئے بنائی گئی ہیں۔