پانی کی صورتحال خطرناک، بحران بڑھ گیا: ارسا کا انتباہ
اسلام آباد (فواد یوسفزئی/ دی نیشن رپورٹ) ارسا نے خبردار کیا ہے ملک میں پانی کی صورتحال خطرناک ہے، سکردو میں درجہ حرارت اس برس 4 سنٹی گریڈ زیادہ ہے لیکن برف پگھلنے کا عمل تیز نہیں ہو رہا اور دریائوں میں پانی کا بہائو 78,600 کیوسک کم ہو گیا ہے۔ خریف کے پہلے روز پانی کی قلت 60 فیصد ہو گئی اور ارسا نے چشمہ کینال کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ارسا کے ترجمان خالد رانا نے کہا کہ دریائوں میں پانی کا بہائو 44 ہزار کیوسک ہے لیکن گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران بہائو 123,000 کیوسک تھا۔ ترجمان نے بتایا اپریل سے ٹی بی لنک کینال بھی بند کر دی جائے گی۔ خریف سیزن کے آغاز میں 31 فیصد پانی کی کمی ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے حصے کا پانی 29 ہزار کیوسک سے کم کر کے 26 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔