پشاور: مسافر کوچ اور ٹریلر میں تصادم، 28 افراد زخمی، 4 کی حالت نازک
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے مضافاتی علاقہ متنی میں کوہاٹ روڈ پر مسافر کوچ اور سیمنٹ سے بھرے ٹریلر کے مابین تصادم کے نتیجہ میں 28 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122بلال احمد فیضی کے مطابق پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی بس کوہاٹ روڈ پر متنی کے قریب سیمنٹ سے بھرے ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع پر 1122 کی امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا جنہوں نے ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا۔ ترجمان کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 28 افراد زخمی ہوئے جن میں19 کو جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیاگیا جبکہ 9 کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
کوچ ٹریلر تصادم