شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج، واجد ضیا پر جرح ہوگی
اسلام آباد (نا مہ نگار ) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیزریفرنس اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت آج ہو گی،اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیزریفرنس میں میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث آج چوتھے روزبھی استغاثہ کے اہم ترین گواہ واجد ضیاء پر جرح جاری رہے گی۔گزشتہ سماعت پر خواجہ حارث کی طرف سے استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھاجبکہ نیب پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی اور خواجہ حارث کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہواتھا،سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آج آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت میںاسحاق ڈار کے تین شریک ملزمان نیشنل بینک کے صدرمحمد سعید ، منصور رضا اور نعیم محمود پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ گزشتہ سماعت پر شریک ملزم سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب کے پیش نہ ہونے اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے اپیل کے فیصلے کی نقل نہ ملنے کی وجہ سے ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی تھی۔
ایون فیلڈ ریفرنس