تحریک انصاف کی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں‘ فردوس شمیم نقوی
کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ مخالف سیاسی جماعتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بیٹھی کالی بھیڑوں کے ذریعے تحریک انصاف کو دبانے کی کوشش کررہی ہیں۔ کراچی شہر میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوام کا عمران خان سے محبت کا اظہار دیکھ کر کچھ سیاسی جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ سیاسی جماعتوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنمائوں پر دبائو ڈالنے اور انہیں ڈرانے دھمکانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ میں ان کی زیر صدارت پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہنگامی اجلاس میں کہیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر ، مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی، سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، حلیم عادل شیخ، سیف الرحمان خان، ملک شہزاد اعوان ،بلدیہ غربی کے قائم مقام چیئرمین عزیز اللہ آفریدی ،بلدیہ جنوبی کے وائس چیئرمین منصور شیخ، ڈاکٹر سنجے، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی ، سدرہ عمران، ضلعی صدور سبحان علی ساحل، بلال غفار، مسرور سیال، فہیم خان، مراد شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔