موبائل کا استعمال
آج کا زمانہ سائنسی ترقی کا زمانہ ہے ،سائنس کی مسلسل ترقی اور نت نئی ایجاد نے اس زمیں کو جنت ارضی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ،یہ سائنسی ترقی صرف اور صرف علم ہی کی بدولت ہے ،بلکہ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا ،انسان کو اشرف المخلوقات ہونے کا شرف علم کی بدولت ہی حاصل ہوا ہے ،انسان نے اپنے علم کو بروئے کار لا کر نت نئی ایجادات کی ہیں ، ہر ایجاد اپنی جگہ حیران کن اور مفید سے مفید تر ہے ،مگر موبائل فون ایسی ایجاد ہے جس نے انسانی زندگی میں انقلاب بر پا کردیا ہے،اس مفید اور اہم ایجاد نے انسان کو انسان کے قریب لانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ،موبائل فون اکے استعمال نے ہزاروں ،لاکھوں میل کے فاصلوں کو سمیٹ کر رکھ دیا ہے ،کسی بھی جگہ کہیں بھی بات کرنی ہو موبائل فون پر نمبر ملائیں اور بات شروع کردیں ۔یوں لگتا ہے جیسے موبائل فون پر بات کرنے ولا بالکل پاس ہے۔ نت نئی ایجاد نے تو واقعی دنیا کو گلوبل ویلیج بنادیا ہے۔ اب تو ایسے نئے اور جدید موبائل فون مارکیٹ میں آچکے ہیں جن میں انٹر نیٹ کے علاوہ بے شمار سوشل سائٹس موجود ہیں ۔
موبائل فون کا سب سے بڑا فائد ہ یہ ہے کہ اسے آپ گھر کے اندر باہر ،دفتر ،کھیل کے میدان غرضیکہ ہر جگہ استعمال کر سکتے ہیں ،چونکہ یہ وائرلیس فون سے مزید اگلے مرحلے کا جدید آلہ ہے ،سفر کے دوران موبائل فون کا استعمال ایک بہت بڑی سہولت ہے مگر دوران ڈرائیونگ اسکے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیئے ،واٹس ایپ کے زریعے ویڈیوز ،تصاویر کی ترسیل کا سللسہ بھی جاری ہو گیا ہے ۔آج کل موبائل کمپنیوں کی طرف سے دیئے گئے مختلف سستے کال، ڈیٹا، میسیج پیکجز کی بدولت موبائل فون انتہائی مفید اور اہم ضرورت بن چکا ہے۔
گزشتہ ایک عرصے سے موبائل کے استعمال میں بہت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ،موبائل کے جہاں بے شمار فوائد ہیں وہاں کئی ایک نقصانات بھی ہیں ،پیسے کا بھی ضیاع ہو رہا ہے طلبا وطالبات کا تعلیم کی طرف رجحان اس موبائل کے استعمال کی بدولت کم ہو کر رہ گیا ہے۔وہ طلبہ جنہیںتعلیمی میدان ایکدوسرے آگے نکلنے کے لیئے سخت محنت کرنی چاہیئے تھی آج موبائل فون کے امتحان کی دوڑ میں مصروف ہیں۔جسے دیکھو وہ موبائل فون پر نظریں جمائے مصروف ہے ۔آج کل موبائل فون ایک فیشن بن چکا ہے ،ہر کوئی موبائل فون کو اپنے جیب میں رکھنے کے علاوہ اسکی نمود ونمائش کرنا پسند کرتاہے ۔چاہے اسکی ضرورت ہو یا نہ ہو ،فیشن کے چکر میں موبائل مہنگے موبائل خرید کر پیسے کا ضیاع اور اسراف کا سلسلہ جاری ہے ۔
موبائل کابے جا استعمال نقصان دہ ہے ،آجکل تو لوگ ایک سے زائد موبائل رکھتے ہیں ،بچے ،بڑے مسلسل موبائل پر گیمز کھیل کر اور سوشل میڈیا کی سائٹس پر وقت کا بے تحاشہ ضیاع کرہے ہیں ۔آج اس موبائل کو دوسروں کو تنگ کرنے کا ذریعہ بھی بنا لیا گیا ہے ۔اسلیئے ضرورت اس مر کی ہے کہ ایجاد کوئی بھی ہو اگر ہم اسکے اچھے پہلو پر نظر رکھیں تو وہ مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ہر چیز کا غلط استعمال اس کو نقصان دہ بنا دیتا ہے۔اسلیئے ہمیشہ موبائل کو مثبت مقاصد کے لئے استعمال کریں اور تحقیق کے میدان میں اس سے فائدہ اٹھائیں ،دیگر بے سود استعمال وقت کے ضیاع سے طلبا وطالبات اجتناب کریں ۔موبائل فون کے مسلسل اور غلط استعمال کے سبب اپنا تعلیمی نقصان کر رہے ہیں اللہ ہمیں اپنی اصلاح اور موبائل سمیت تمام ایجادات کا درست استعمال کرنے کی توفیق سے نوازے ۔ آمین