پروٹوکولز کی تیاری اس لیے بھی ضروری تھی تاکہ ہمارے ایلیٹ کھلاڑی ایک بہترین اور محفوظ ماحول میں آئندہ سیزن کی تیاری کرسکیں: ندیم خان
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا کہ ان پروٹوکولز کی تیاری اس لیے بھی ضروری تھی تاکہ ہمارے ایلیٹ کھلاڑی ایک بہترین اور محفوظ ماحول میں آئندہ سیزن کی تیاری کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک جامع اور مربوط پلان کی تیاری پر اپنی میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں اعتماد ہے کہ یہ ٹیم ہمارے کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا ہے کہ یہ غیرمعمولی حالات ہیں جوکہ مسلسل بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور پرعزم ہیں کہ مستقبل قریب میں مزید کھلاڑیوں کے لیے بھی دروازے کھولیں گے۔ پی سی بی نے ملک میں کوویڈ19 کی وباء کے پھیلاؤ کے سبب 17 مارچ کو کرکٹ کی تمام سرگرمیوں کو معطل کردیا تھا۔اب منگل کے روز پی سی بی نے تفریحی کرکٹ (غیر پیشہ ور) کی ان سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے تمام منتظمین اور شرکاء کوکوویڈ19 سے متعلق حکومتی پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ ندیم خان کا کہناہے کہ تفریحی کرکٹ(غیر پیشہ ور)پر ہمارا کنٹرول تو نہیں ہے مگرپاکستان میں کھیل کی گورننگ باڈی کی حیثیت سے تمام منتظمین سے درخواست کرتے ہیں کہ ان سرگرمیوں میں شریک افراد کو حکومت کے پروٹوکولز برائے کوویڈ19 پر مکمل عمل کرنے کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ خود ان کے، ان کے عزیز و اقارب اور کرکٹ کے بہترین مفاد میں ہے۔ندیم خان نے کہا کہ کھیل ایک صحت مندانہ سرگرمی ہے اور اسے اسی حیثیت میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔