اوکاڑہ یونیورسٹی کا تاریخ ساز فیصلہ،داخلوں میں اقلیتی کوٹہ مختص ،فیسوں میں رعائت کا اعلان:تعلیم ہی پسماندہ طبقات کو معاشرتی دھارے میں شامل کر سکتی ہے: پروفیسرڈاکٹر زکریا ذاکر
اوکاڑہ یونیورسٹی نے تاریخ ساز فیصلہ کرتے ہوئے اقلیتی طلباء کے لیے داخلوں میں دو فیصد کوٹہ مختص کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کے نوٹیفیکیشن کو نہ صرف معن و عن نافذ کرے گی بلکہ ایسے طلباء کو فیسوں میں بھی رعائت دی جائے گی،یونیورسٹی اقلیتی طلباکے لئے خصوصی طور پر داخلوں اور فیسوں میں رعائت کے ساتھ ساتھ معاشرتی دھارے میں شامل کرنے کے لئے مواقع فراہم کرے گی جس سے احساس محرومی کو ختم کرنے کا باقاعدہ موقع ملے گا ۔ ان خیالات کا اظہار اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اقلیتی رہنماوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
چار رکنی وفد نے آئرہ اندروس کی قیادت میں یونیورسٹی کا دورہ کیا اور انتظامیہ کی اقلیتی ملازمین کے لیے باعزت ماحول پیدا کرنے کے حوالے سے کی جانے والی یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہاہے ۔
وائس چانسلر نے وفد کے اراکین کو بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی تمام اقلیتی طلباء اور بالخصوص یونیورسٹی کے اقلیتی ملازمین کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
پروفسیر ڈاکٹر زکریا ذاکر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی معاشرتی اقدار کو بدل کرتمام اقلیتوں کو ملک کے مساوی شہری کا درجہ دینا ہوگا۔ ہم معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات بالخصوص اقلیتوں کو معاشرتی دھارے میں شامل کررہے ہیں اور اس حوالے سے اوکاڑہ یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرے گی اور ایسے طبقات کی قومی سطح پر خدمات کے اعتراف کا مواقع فراہم کرے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ اعلی تعلیم حاصل کیے بغیر کوئی طبقہ اپنی تقدیر نہیں بدل سکتا اور اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ مشن ہے کہ معاشرے کا ہر طبقہ تعلیم میں برار کا حقدار ہو۔ وائس چانسلر نے وفد کو آگاہ کیا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اپنی تمام تر کاوشیں اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اقلیتی طلبا کو بہترین مواقع فراہم کرے گی جس سے انہیں قومی ترقی میں اپنا مزیدکردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا ۔