لاہور( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوویڈ19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی مرحلہ وار، بتدریج اور محتاط بحالی کا دوبارہ سے آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پی سی بی نے پہلے مرحلے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے فی الحال موجودہ کرکٹرز کے لیے سہولیات کھولنے اور تفریحی کرکٹ (غیر پیشہ ور) کی دوبارہ بحالی کی اجازت دی ہے۔آئندہ کرکٹ سیزن کی تیاری کے لیے ایلیٹ کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس عمل کی تیاری میں پی سی بی کے میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز نے صورتحال کا بغور جائزہ لیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن سے متعلق اپنے پروٹوکولز جاری کرے گا۔ پی سی بی ملک میں کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور اس ضمن میں جب مناسب سمجھے گا پروٹوکولز میں تبدیلی کرسکے گا۔ ایسے کرکٹرز جنہوں نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران ایج گروپ، ویمنز اور مینز کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، سابق کرکٹرز جو پی سی بی کےروزمرہ انتظامی امور میں شامل ہیں یا وہ کھلاڑی جن کا ری ہیب پروگرام جاری ہے، انہیں کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ان سہولیات کو استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ پہلے مرحلے میں جو کھلاڑی بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کی سہولیات کو استعمال کرنے کے اہل انہیں پیشگی ای میل کے ذریعے اپنی بکنگ کرانی ہوگی۔ اس دوران سماجی فاصلے کے معیاری پروٹوکولز پر مکمل عمل کیا جائے گا اور ایک ہی سامان کو اسٹیرلائز کیے بغیر متعدد افراد کو استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھلاڑیوں کو اپنے اسسٹنٹ اور ہیلپرز ہمراہ لانا منع ہوگا جبکہ نیٹ باؤلرز کی نامزدگی اور منظوری کے لیے بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے حکام سے رابطہ کرنا ہوگا۔ بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کے مطابق کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس کے دوران گیند کو تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ این ایچ پی سی میں آمد پر کھلاڑیوں کو اپنے چہرے ماسک سے ڈھاپننے اور داخلی دروازے پر اپنا بخار چیک کرانا ہوگا۔ اس دوران کھلاڑیوں کو ڈس انفیکیشن گیٹ سے گزرنا اور اپنی مقررہ جگہ پر ہی ٹریننگ کرنا لازم ہوگا۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024