وزیراعظم کا وژن گراؤنڈ بنانا، بورڈ نے بند کر دیئے، نقصان کا ازالہ ممکن نہیں: مدثر نذر
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل تو دور کی بات ابھی تک تو اس پر کام ہی شروع نہیں ہو سکا، عمران خان کا وژن تو گراؤنڈز بنانا تھا بورڈ نے کرکٹ گراونڈز بند کر دیئے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے پابندی کے دور میں بھی کلب کرکٹ، سٹی کرکٹ بند نہیں کی انہوں نے دو سال سے سب کچھ بند کر رکھا ہے اور لگتا ہے کہ تیسرا سال بھی ایسے ہی گذر جائے گا۔ ان حالات میں ہونے والے نقصان کا ازالہ ممکن نہیں ہے۔ ایک مرتبہ سائیکل ٹوٹ جائے تو پلیئرز ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔چھ ٹیمیں بنا کر قائداعظم ٹرافی کروانا کوئی بڑی بات نہیں وہ تو پہلے سے موجود ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ نئے کھلاڑی کہاں سے آئیں گے، کھیل کو فروغ کیسے دیا جائے گا، نوجوان کرکٹرز کی تربیت کیسے کی جائے گی، کلب اور سٹی کرکٹ کیسے ہو گی اس پر کچھ نہیں ہو رہا، بورڈ میں رہتے ہوئے ایسی باتیں کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کسی سینئر فاسٹ باؤلر کے نہ ہونے کی وجہ سے فاسٹ باؤلرز کو مشکلات کا سامنا رہا۔ مڈ آن مڈ آف پر تجربہ کار باؤلرز کی موجودگی ضروری ہوتی ہے جو ہر وقت حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتا رہے۔ محمد عباس کی رفتار 80 سے کم ہو کر اٹھہتر پر آ گئی ہے یہ بہت بڑا فرق ہے۔میں نے خود جنوبی افریقہ سے لیول تھری کوچنگ کورس کیا اب بورڈ کے فیصلوں سے اس نظام کو نقصان پہنچا تو مجھے تکلیف پہنچی اس لیے ردعمل دیا ہے۔