حکومت ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں مخالفین کو نیب کے ذریعے دبا رہی ہے‘ قمر زمان
سکھر(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق قانون سازی کی آڑ میں مخالفین کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذریعے دبانے کی کوشش کررہی ہے۔سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کی ضرورت پوری کرنے کو تیار ہیں لیکن حکومت جو ا ختیار حاصل کرنا چاہتی ہے اس کی اجازت نہیں دیں گے۔قمر زمان کائرہ کاکہنا تھا کہ جن تنظیموں کی فہرست آئی اور جن پر پابندی لگائی گئی ان میں سیاسی جماعت کونسی ہے؟رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ حکومت اپنے اختیارات بڑھانا چاہتی ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی بات سنے بغیر سینیٹ میں بل بھیج دیا گیا، 9 میں سے 7 میں ترامیم ہوئیں اور وہ پاس ہوئے، سینیٹ نے جن 2 بلز پر ترمیم کی حکومت ان پر عمل نہیں کررہی ہم کیسے بلیک میل کررہے۔