کرونا: مزید6 اموات، بھارت میں صورتحال خراب، 78 ہزار کیسز کا نیا ریکارڈ
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + وقائع نگار خصوصی +نامہ نگار) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور تقریباً 95 فیصد مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہوچکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 682 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 294 کا انتقال ہوا ہے۔31 اگست تک ملک میں مزید 186 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 135 افراد صحتیاب ہوگئے جبکہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج رپورٹ ہوئے جس کے مطابق وہاں مزید 27 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔سندھ میں 30 اگست کو 80کیس رپورٹ ہوئے۔31 اگست کو مزید 80 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 348 ہوگئی۔مزید 3 افراد کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 2401 تک پہنچ گئی۔پنجاب میں مزید 28 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔مجموعی کیسز 96 ہزار 769 تک پہنچ گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد کو 2198 تک لے گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 14 افراد کو متاثر کیا۔ کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 625 ہوگئی۔بلوچستان میں مزید 27 کیسز کی تصدیق ، کیسز کی تعداد 12 ہزار 869 ہوگئی۔گلگت بلتستان میں کرونا وائرس سے مزید 33 افراد متاثر۔نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 896 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک کا انتقال ہوا۔ کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 298 ہوگئی۔ اموات 62 تک جا پہنچیں۔ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد میں 135 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 682 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو پیر کو آگاہ کیا گیا کہ مئی کے بعد پہلی بار وینٹیلیٹرز پر کرونا کے مریضوں کی تعداد 100 سے کم ہوگئی جو کہ خوش آئند ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے حوالہ سے منصوبوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات اور تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے تعلیمی اداروں میں ہاتھ دھونے کی سہولیات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا کیونکہ اس سے وبائی امراض پر قابو پانے میں مؤثر طریقے سے مدد ملے گی۔ رہنما اصول جلد ہی صوبائی حکومتوں اور نجی سکولوں کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔ سکول میں اس وائرس کے پھیلاؤ کا فوری پتہ لگانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کا نیا یومیہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔ ایک دن میں 78 ہزار 761 مریض کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 35 لاکھ 46 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ ہلاکتیں 60 ہزار 893 تک پہنچ گئیں۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھرمیں متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار سے تجاوز کر گئی، اموات 8لاکھ 50 ہزار 591 ہو گئیں جبکہ 1 کروڑ 77 لاکھ 6 ہزار 814 افراد صحت یاب ہوئے۔ امریکہ میں 61 لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد متاثر اور ایک لاکھ 87 ہزار224 اموات ہوئی ہیں۔ برازیل میں کرونا مریضوں کی تعداد 38 لاکھ 62 ہزار سے زائد‘ اموات ایک لاکھ 20 ہزار896 تک پہنچ گئی۔ برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوان 566 اموات جبکہ 16158 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ7ستمبر کو ہوگا، تجویز ہے کہ کلاسز کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایک تجویز یہ بھی ہے کہ پہلے آٹھویں سے بارہویں تک کی کلاس کے بچوں کو بلایا جائے۔ تجویز ہے کہ کلاسوں کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جائے، پہلے دن ایک کلاس میں ایک بیج آئے دوسرے دن دوسرابیج آئے۔ نیا تعلیمی نصاب سرکاری، نجی اور مدرسوں میں بھی لاگو ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب سکول کھلیں گے تو جن اساتذہ کی نوکریاں ختم ہوئی ہیں وہ بحال ہو جائیں گے۔ شفقت محمود نے بتایا کہ میڈیکل کالجز کے امتحانات کا فیصلہ وفاق یا صوبے نے نہیں کرنا، یہ فیصلہ میڈیکل کالجز بورڈ نے خود کرنا ہے۔