عوامی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے، عمران: پٹرول مہنگا کرنے سے روک دیا
اسلام آ باد (وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کو حتمی شکل دی جائے۔ پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی (ویڈیو لنک) گورنر سندھ عمران اسمعیل، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان و سینئر افسران شریک ہو ئے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو شہر قائد کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات اور ان مسائل کے مستقل حل کے لئے مجوزہ "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے بتایا گیا کہ "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کراچی کے مسائل اور پاکستان کے معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 9.71 ، ہائی سپیڈ ڈیزل 9.50 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ مشکل حالات میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جاسکتا۔ وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومت پر 17ارب روپے بوجھ پڑے گا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے17ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی اوگرا کی سمری مسترد ہونے کے بعد وزارت خزانہ نے قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پٹرولیم لیوی میں کمی کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر فی لٹر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے کمی کی گئی۔ پٹرول پر پٹرولیم لیوی 26.70 روپے سے کم کر کے 21.70 روپے کی گئی۔ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 3 روپے 85 پیسے فی لٹر کمی کی گئی۔ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 25.73 روپے سے کم کر کے 21.88 روپے فی لٹر کر دی گئی۔ مٹی کے تیل پر فی لٹر پٹرولیم لیوی 7.23 روپے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔ لائٹ ڈیزل آئل پر پٹرولیم لیوی 2.41 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے عاشورہ کے پرامن انعقاد پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت کے شعلے بھڑکانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا عاشورہ کے پرامن انعقاد پر قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، بعض عناصرنے فرقہ واریت کے شعلے بھڑکانے کی کوشش کی، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کروں گا۔ ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بہادر کشمیری بدترین جبر و ظلم کے خلاف برسرپیکار ہیں، انہیں کربلا سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا چاہیے کیونکہ ظلم اور نا انصافی کے خلاف ان کی جدوجہد کامیاب ہو گی اور یہی شہداء کربلا نے ہمیں دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین، ان کے اہل خانہ اور پیروکاروں نے ظلم اور نا انصافی کے خلاف ڈٹ کر اپنی جانوں کی قربانی دی۔ یہ صرف امیر، طاقتور یا تعلیم یافتہ ہونے سے حاصل نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کئی عظیم مسلمان کربلاء سے متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے ظلم، نوآبادیاتی حکمرانی اور نا انصافی کے خلاف کھڑے ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں بھی ظلم و انصافی کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔ مزید برآں وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کاروباری برادری کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنا، منافع بخش کاروبار کے لئے موافق فضا کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ موجودہ حکومت نے ترجیحاتی بنیادوں پر تعمیرات کے شعبے کے لئے مراعات کا اعلان کیا تاکہ نہ صرف تعمیرات بلکہ اس سے وابستہ صنعتوں کا فروغ بھی ممکن بنایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مشیر تجارت اور مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ان کا جائزہ لیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے موجودہ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کے لئے سہولیات اور خصوصا ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے متعدد اقدامات کو سراہا۔ وفد نے وزیر اعظم سے گفتگو میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہیں۔ کاروباری طبقے کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے وفد نے مختلف تجاویز وزیر اعظم کو پیش کیں۔ وفد نے امریکن بزنس کونسل کی جانب سے مزید 17 ملین روپے کا چیک وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا۔ اس سے قبل کونسل کی جانب سے بیس ملین روپے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ کے لئے جمع کرائے گئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے سینٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی خرم شہزاد نواب نے پیر کو ملاقات کی۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔