عوام چاہتے ہیں والد دوبارہ ڈرائیونگ سیٹ سنبھال کر ملک کو درست ٹریک پر ڈالیں: مریم نواز
اسلام آباد+بھیرہ (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ نواز شریف دوبارہ سے ڈرائیونگ سیٹ سنبھال کر ملک کو درست ٹریک پر ڈالیں۔سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کی نواز شریف سے محبت پہلے سے بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔لوگ نہ صرف نواز شریف کو واپس وطن میں دیکھنا چاہتے ہیں بلکہ وہ (عوام) چاہتے ہیں کہ نواز شریف ملک کو درست سمت پر لانے کے لیے دوبارہ ڈرائیونگ سیٹ سنبھالیں۔بھیرہ پر جب دوپہر کے کھانے کے لیے رکی تو وہاں موجود ہر شخص نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پوچھا اور ان سے اپنی قربت اور حمایت کا یقین دلایا۔بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت عوام زندگی کی خوشیوں سے محروم ہو چکے ہیں۔ وہ موٹروے سروس ایریا بھیرہ میں خواتین سے گفتگوکر رہی تھی۔ خواتین نے مریم نواز کو اپنے درمیان پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور ان سے انکے والد میاں نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔