علی پور چٹھہ میں اوباش نے 3 سالہ کزن کا زیادتی کے بعد گلا دبا دیا
وزیرآباد‘ گوجرنوالہ‘ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) تین سالہ کمسن بچی زیادتی کے بعد قتل، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم بچی کا رشتہ دار ہے۔ واقعہ علی پور چٹھہ کے نواحی موضع رسولنگر میں پیش آیا۔ ایس پی صدر حفیظ الرحمان بگٹی کے مطابق تین سالہ معصوم بچی ماہین گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ ملزم رضوان اسے ورغلا کر مسجد کے واش روم میں لے گیا جہاں ملزم نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بچی کو گلا دبا کر قتل کر دیا اور واقعہ کو حادثہ ظاہر کرنے کے لئے نعش پر عمارت کا ٹوٹا ہوا ملبہ گرا دیا۔ شبہ ہونے پر پولیس نے بچی کے رشتہ دار رضوان کو گرفتار کیا تو ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ تھانہ علی پور چٹھہ کے علاقہ سے صبح لاپتہ ہونے والی 3 سالہ بچی کہ نعش مل گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ پولیس نے بچی کی نعش برآمد کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جس میں معلوم ہوا کہ کمسن بچی کو اس کے چچا زاد بھائی رضوان یوسف نے قتل کیا۔ بچی کی نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے زیادتی کی تصدیق کر دی۔ متاثرہ بچی کے والدین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ کے علاقے میں کمسن بچی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اورکہا ہے کہ ایسے ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ متاثرہ خاندان کو ہرصورت انصاف مہیا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔