بھارتی مہم جوئی ، سائوتھ چائنا سی میں بھی چین بھارت تصادم کے خدشات
اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) چین اور بھارت کے مابین لداخ اور سائوتھ چائنا سی کے حوالے سے کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ لداخ میں تازہ کشیدگی کے بعد اب سائوتھ چائنا سی میں بھی چینی افواج نے اپنی نقل و حرکت مزید بڑھا دی ہے، یہ بھارت کی جانب سے وہاں جنگی بیڑا بھیجنے کے اشتعال انگیز اقدام کے بعد کیا گیا ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار کرنل (ر) دان ویر سنگھ نے بھارتی ہندی ٹی وی چینل ’’سمے سہارا ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے کہا ہے کہ ’’ اگر انڈین آرمی عقلمندی کا ثبوت دیتے ہوئے لداخ میں چھوٹی موٹی اشتعال انگیزی کرتی تو شاید چین اس کی جانب سے صرف نظر کر جاتا، کیونکہ لداخ ریجن اس وقت کشیدگی کا گڑھ بنا رہا ہے، مگر جانے فوج نے سائوتھ چائنا سی میں جنگی بیڑا بھیج کر وہاں چین کی ناکہ بندی کرنے کی احمقانہ کوشش کیوں کی، بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ چین اس قدر اشتعال انگیزی پر کسی بھی طور خاموش نہیں بیٹھ سکتا اور اس کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آئے گا‘‘۔ کرنل (ر) دان ویر سنگھ نے مزید کہا کہ ’’ بھارت اپنے اس زعم سے باز آ جائے کہ وہ کوئی ’’منی سپر پاور‘‘ ہے اور اس کا عالمی سیکورٹی صورتحال میں کوئی عمل دخل ہے کیونکہ چین کے نزدیک تو اگر بھارت اپنی موجودہ شکل ہی مستقبل میں برقرار رکھ پائے تو یہ بہت بڑی بات ہو گی، اس لئے بھارت کو فوراً سائوتھ چائنا سی سے اپنی فوج نکال لینی چاہیے کیونکہ بہر صورت ہمارے عزائم کامیاب نہیں ہو سکتے اور آخر میں نقصان ہمارا ہی ہو گا‘‘۔