قصور: ذہنی مریضہ نے پھندا لے لیا‘ کراچی، ناراض بیوی کے میکے جانے پر نوجوان کی خودکشی
کراچی‘ قصور (آئی این پی + نمائندہ نوائے وقت) کراچی میں لائنز ایریا کے رہائشی نوجوان نے بیوی کے ناراض ہوکر میکے جانے پر خودکشی کرلی‘ پولیس کے مطابق لائنز ایریا میں ایک نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں نوجوان کی شناخت 27 سالہ نوید بیگ ولد ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایچ او محمد سعید نے بتایا کہ نوید پیپر کٹنگ کا کام کرتا تھا اور 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، شادی کے بعد ہی میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہوگئے تھے جس کے باعث نوید نے 3 ماہ قبل چوہے مار دوا کھا کر اور 4 روز قبل پھندا لگا کر خودکشی کی کوشش کی تاہم اس کی جان بچ گئی۔ ایس ایچ او کے مطابق نوید نے گھر کے ساتھ بنے کارخانے میں دروازے پر کنڈی لگاکر خود کشی کرلی۔ دریں اثناء جمبر خورد میں ذہنی مریضہ نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ جمبر خورد کی رہائشی بائیس‘ تئیس سالہ انعم شوکت جس کا ذہنی توازن بھی درست نہیں تھا اور اکثر بیمار رہتی تھی اس نے اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔