وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی المیے کو جنم دے رہی ہے۔زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا ہے۔ظالم کا ہاتھ روکنے اور مظلوموں کی مدد کیلئے اقوامِ ِعالم کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی تاریخی غلطی نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ،مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے،پیلٹ گنز، کرفیو اور لاک ڈاؤن بھی بہادر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکتے۔اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، پاکستان اورکشمیر ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو اپنے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام پر منہ کی کھانا پڑے گی۔