لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ڈیوڈ ہیمپ کی تعیناتی، تقرری کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔ آئندہ ہفتے اپنی پچاسویں سالگرہ منانے والے ڈیوڈ ہیمپ گزشتہ پانچ سال وکٹورینز ویمنز کرکٹ ٹیم اور آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے تھے۔ سابق کرکٹراور یوکے لیول فور کوالیفائیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔ پاکستان ویمنز ونگ کی قائم مقام سربراہ اور چیئرآف ویمنز سلیکشن کمیٹی عروج ممتاز کا کہناہے کہ پی سی بی ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر خوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ ہیمپ اپنے ہمراہ وکٹوریا اور ملیبرن سٹارز ویمنزکرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کا پانچ سالہ تجربہ اور کرکٹ کا علم لائیں گے جو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ اس عہدے کے لیے پی سی بی نے 18 اگست کو اشتہار جاری کر دیا تھاجس کے لیے 18 غیرملکیوں سمیت 38 کوچز نے درخواست جمع کرائی تھی۔ اس عہدے کے لیے فائنل انٹرویوز گزشتہ ہفتے ہوئے جو چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان، عروج ممتاز اور گرانٹ بریڈ برن نے لیے تھے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024