میلاد منانے والے ہی ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں: حامد سعید کاظمی
ملتان (سماجی رپورٹر)30متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام جلوس ہائے میلاد کے مسائل کے حوالے سے اہلسنت تنظیمات کی اے پی سی،آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ عشاقان رسول ماہ ربیع الاول کے پورے مہینے کو عید کی طرح مناتے ہیں۔ہم حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ ملک میلادیوں کی جدوجہد کے نتیجے میں قائم ہوا ہے اورمیلاد منانے والے ہی اس کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں لہٰذا میلاد کے جلوسوں کے بہترین انتظامات ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر میلاد منانے کے حکم کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔مخدوم عمران گیلانی،صاحبزادہ معصوم حامد نقشبندی اورپیر نوید فرید چشتی نے کہا کہ ایک امتی کیلئے اپنے نبی کی ولادت سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں ہوسکتی۔جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ فاروق خان سعیدی اورجمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر ایوب مغل نے کہا ملک کو ایک سازش کے تحت بدامنی کی جانب دھکیلا جارہا ہے مگر میلاد منانے والے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔متحدہ میلاد کونسل کے چیئرمین خواجہ پیر شفیق اللہ البدری اورمرازاارشدالقادری نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اورپرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔آل پارٹیز کانفرنس سے علامہ عثمان پسروری،محمد سلیم بلالی،راؤ عبدالقیوم شاہین،رکن الدین ندیم حامدی،راؤ عارف رضوی،مظہر جاوید سیال،سلطان محمود ملک،علامہ امیر اظہر سعیدی،شیخ صلاح الدین،حافظ ظفر قریشی اوردیگر نے بھی خطاب کیا ۔آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ میلاد کے نام سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ سے جلوس ہائے میلاد کے مسائل حل کرنے کیلئے مطالبات کئے گئے۔