چین کا قومی دن پاک چین دوستی زندہ باد
یکم اکتوبر کو عوامی جمہوریہ چین کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ یکم اکتوبر 1949ء کو طویل جدوجہد کے بعد اور خانہ جنگی کے اختتام پر عوامی جمہوریہ چین نے آزادی حاصل کی تھی۔ اسکے بعد وہ مختلف مراحل سے گذرتا اور ترقی کی منازل طے کرتا آج معاشی طورپر دنیا کی بڑی طاقتوں کی صف میں شامل ہوچکا ہے۔ بجا طور پر کہا جاتا ہے کہ قومیں اپنے لیڈروں کی قیادت میں منزلوں کی سمت سفر کرتی ہیں چینی قوم کی یہ خوش قسمتی ہے کہ انہیں مائوزے تنگ جیسا کمٹڈ اور بے باک لیڈر ملا جس نے آزادی سے لیکر 1976 تک اپنی قوم کی مخلصانہ قیادت کی اور قوم کو اس منزل تک پہنچایا جہاں سے اس کو اپنی منزل صاف نظر آنے لگی تھی۔پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے عوامی جمہوری چین کو سب سے پہلے تسلیم کیا تھا تب سے آج تک چین اور پاکستان کے درمیان انتہائی دوستانہ تعلقات ہیں۔ چین کیلئے اقوام متحدہ کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان کی کوششیں سب سے بڑھ کر تھیں۔ چین کو عالمی تنہائی سے باہر نکالنے اور بین الاقوامی معاملات میں متحرک کرنے میں بھی پاکستان کا کردار کلیدی رہاہے۔ دوسری طرف چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ اس نے ہمیشہ غیرمشروط طور پر دوستی نبھائی۔ پاکستان کو معاشی و دفاعی لحاظ سے خود کفیل بنانے میں چین کا کردار کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بھی وہ دو ٹوک انداز میں پاکستان کے دیرینہ اور اصولی مؤقف کی مسلسل حمایت کرتا چلا آیا ہے اور پاکستان کی جغرافیائی وحدت اور سلامتی کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم ستون تصور کرتا ہے۔عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو اس سے بہتر الفاظ کا جامہ نہیں پہنایا جا سکتا کہ یہ ہمالیہ سے بلند تر‘ سمندر سے زیادہ گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔چین کے ساتھ ہماری دوستی بڑی ٹھوس بنیادوں پر استوار‘ شرائط سے مبرا اور حکومتی شخصیات سے بالا تر ہے۔ سی پیک منصوبے نے چین اور پاکستان کو مزید قریب اور تعلقات کو اٹوٹ کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں مگر چین اور پاکستان کے ایک دوسرے پر اعتماد نے انہیں خاک میں ملا دیا۔ آج ہر پاکستانی چین کی خوشیوں میں شامل اور چین کے دوستوں کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔