واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک-امریکا تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا ڈالر لینے یا امداد کی بات کرنے نہیں آئے۔
امریکی ٹی وی فوکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 'میں یہاں ڈالر یا امداد کی بات کرنے نہیں آیا، میں یہاں پاکستان اور امریکا کے کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے آیا ہوں، جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا۔ ہم کافی عرصے سے اتحادی رہے ہیں اور اب وقت ہے کہ مضبوط تعلقات کو دوبارہ اسے استوار کیا جائے'۔
پاکستانی قید میں موجود شکیل آفریدی کے معاملے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ 'اس حوالے سے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بات ہو سکتی ہے، لیکن شکیل آفریدی کا مستقبل سیاست سے نہیں بلکہ عدالت سے جڑا ہے'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'شکیل آفریدی کو قانونی عمل کے بعد سزا دی گئی۔ جس طرح ہم امریکی قانون کا احترام کرتے ہیں، امریکا کو بھی کرنا چاہیے'۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو مئی 2011 میں ایبٹ آباد میں عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی امریکا کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ان پر مبینہ طور پر ایک جعلی ویکسی نیشن مہم کے ذریعے اسامہ بن لادن کا سراغ لگانے میں امریکا کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔