اسلام آباد:احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے مناسب وقت پر سنایا جائے گا ۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کی، نیب کے تفتیشی افسر نے اسحاق ڈارکی بحق سرکار ضبط جائیداد کی تفصیل عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 18دسمبر 2017کو اکاﺅنٹس، گاڑیاں، شیئرز اور جائیداد ضبط کی گئی تھی جبکہ 14دسمبر 2017کو عدالت نے جائیداد قرقی کا حکم دیا تھا، جائیداد قرقی کے 6 ماہ بعد متعلقہ صوبائی حکومت عدالتی احکامات پر جائیداد قرق کرسکتی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت اسحاق ڈار کی ضبط جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے، نیلامی سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف پیش کیا گیا کہ اسحاق ڈار نیب کو مطلوب ہیں، نیب اور عدالت اسحاق ڈار کو مفرور قرار دے چکی ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024