پرامن بقائے باہمی مشترکہ اقدارکے تحفؔظ کیلئے ہم ایک ہیں، اقتصادی راہداری پاک چین سٹرٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی: نواز شریف
وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر چینی حکومت اورعوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین مضبوط تعلقات باہمی اعتماد کے عکاس ہیں، اقتصادی راہداری سٹرٹیجک شراکت داری نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کی دوستی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ پرامید ہوں کہ مستقبل میں ہمارا تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ عوامی جمہوریہ چین کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے نام مبارکباد کے خط میں وزیراعظم نے چین کے قومی دن پر حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات باہمی اعتماد کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ اقدار کے فروغ کے تحفظ کیلئے ہم ایک ہیں۔ اقتصادی راہداری سے دونوں ملکوں کی دوستی کے نئے باب کا آغاز ہوگا اور اقتصادی راہداری سے سٹریٹجک شراکت داری نئی بلندیوں تک جائیگی۔ راہداری منصوبہ خطے میں ترقی‘ استحکام اور خوشحالی کا پیش خیمہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرامید ہوں کہ مستقبل میں ہمارا تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ صدرمملکت ممنون حسین نے چین کے صدر ژی جن پنگ کے نام اپنے پیغام میں پاکستان کی حکومت اور عوام اور اپنی جانب سے انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مضبوط بھائی چارے اور دونوں ممالک باہمی احترام اور بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر مشترک موقف پر مبنی غیر متزلزل دوستی کے بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز سے دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات میں اضافہ کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں جس سے باہمی ترقی اور خوشحالی آئیگی۔ قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کو عوامی جمہوریہ چین کی 67 ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی اچھی ہمسائیگی کے تعلقات کی ایک بہترین مثال ہے ۔ پاکستان اور چین کے مابین ہر شعبہ میں تیزی سے بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانے کی دوطرفہ عزم کا اظہار ہے۔ دریں اثناءوزیر اعظم محمد نواز شریف لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ دو دن اپنی والدہ محترمہ اور فیملی کے دیگر ممبران کے ساتھ گزاریں گے تاہم وہ پارٹی کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔