جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کریگی
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قوم کو ایک اور خوش خبری سنا دی۔ دسمبر میں سری لنکن ٹیم کیخلاف ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ سیریز کے بعد اگلے سال مارچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کریگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بتایا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے بند دروازے کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کی دو ٹیمیں پاکستان کے دورہ پر ہیں جن میں ایک ٹیم انڈر16 اور ایک ویمن ٹیم شامل ہے جبکہ بنگلہ دیش کی سینئر ٹیم بھی پاکستان کے دورہ پر آئیگی۔ سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آ رہی ہے امید ہے اس کے بعد مزید انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آنے کو تیار ہو جائیں گی اس سلسلہ میں جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کیساتھ معاملات چل رہے ہیں امید ہے ٹیم مارچ میں پاکستان کا دورہ کریگی۔ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کے حوالے سے پالیسی بنا رہے ہیں جس کا جلد اعلان کیا جائیگا۔ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کو بند نہیں ہونے دینگے بلکہ کرکٹرز کو بھی مصروف رکھنے کی کوشش کرینگے تاکہ ان کا روزگار لگا رہے۔ ایسوسی ایشنز میں ان لوگوں کو رکھا جائیگا جو کام کرتے ہیں کسی ایسے شخص کو تنخواہ نہیں دی جائیگی جو کام نہیں کرتا۔ یہاں ہر کوئی چاہتا ہے کہ اسے کام کیے بغیر ہی تنخواہ ملتی رہے جو نہ ممکن ہے۔