رفاہی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کا امدادی سامان تھرپارکر روانہ
اسلام آباد: رفاہی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ مالیت کا امدادی سامان تھرپارکر روانہ ہوگا۔تھرپارکر کے قحط متاثرین کیلئے امدادی سامان آئی ایٹ مرکز سے شفیق الرحمان ،شوکت سلفی و دیگر نے روانہ کیا۔شفیق الرحمان نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں تین ہزار خاندانوں کیلئے خشک راشن کا پیکج روانہ کر رہے ہیں، ریلیف پیکج میں، آٹا، چاول، گھی، خشک دودھ، دالیں، مصالحہ جات و دیگر ضروریات زندگی کی چیزیں شامل ہیں، امدادی سامان تھرپارکر کے اسلام کوٹ، نو کوٹ، مٹھی، ڈیپلو، چھاچھرو و دیگر دور افتادہ گوٹھوں میں تقسیم کیا جائے گا، شفیق الرحمان نے مزید کہا کہ تھرپارکر میں شدید قحط ہے،بھوک و افلاس سے لوگ مر رہے ہیں، مزہب سے بالاتر ہو کر تمام لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں، انسانیت سب سے مقدم ہے، تھرپارکر کے ہندوؤں کو ترجیح بنیادوں پر ریلیف دے رہے ہیں۔