احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 6 نومبر تک توسیع کر دی
اسلام آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں چھ نومبر تک توسیع کر دی گئی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 9نومبر تک توسیع کی استدعا کی گئی جس کے بعد عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں چھ نومبر تک توسیع کر دی ہے۔لاہور کی احتساب عدالت نے 29 اکتوبر کو شہباز شریف کا تین روزہ راہداری ریمانڈ دیا تھا جس کے بعد انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد لایا گیا تاہم لاہور کی احتساب عدالت سے حاصل کیا گیا راہداری ریمانڈ کی مدت بدھ کو ختم ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے اسلام آباد احتساب عدالت سے مزید راہداری ریمانڈ لیا گیا۔29 اکتوبر کو شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں تیسری بار توسیع کی گئی ہے۔ لاہور کی احتساب عدالت نے سات نومبر تک توسیع دی جب کہ نیب کی جانب سے شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 15 دن توسیع کی استدعا کی گئی تھی۔