ناجائز ذرائع سے کمائی گئی دولت کیخلاف سوئس حکومت کی مدد درکار ہے‘ فروغ نسیم
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کرپشن کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار فروغ نسیم نے سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولی سے ملاقات کے دوران کیا،انہوں نے مزید کہا کہ سوئس بنک اکاؤنٹس کے حوالے سے کسی جائز ذرائع سے حاصل ہونے والی دولت سے حکومت کو اختلاف نہیں لیکن ناجائز طریقے سے جمع کی ہوئی دولت کے خلاف سوئس حکومت کی مدد اور حمایت درکار ہے،جس پر سوئس سفیر نے وزیر قانون کو تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ناجائز دولت کو سوئس بنکوں سے دور رکھنے کے لیے چند برس قبل قانون سازی کی گئی ہے۔وزیر قانون نے تھامس کولی کو بتایا کے پاکستان سوئس حکومت کی جانب سے پاکستانی طلباء کو دی گئی سکالرشپ کا خیرمقدم کرتا ہے اور سویٹزرلینڈ سے تجارت،ثقافت اور قانون کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔