اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ( اےن سی اے) کے چار افسران کو اگلے گریڈ مےں ترقیاں نہ دئے جانے پر خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر وزیراعظم اور چیئرمین نیسکام سے جواب طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے گریڈ 20کے چار افسران زبیر، طفر راجپوت، سعید اللہ اور بشیرکی طرف سے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کرتے ہوئے مذکورہ حکم جاری کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس انور خان کاسی نے گزشتہ ماہ ان افسران کی درخواست یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھی کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ کی سیکشن 22۔ اے کے تحت اس ادارے کے اہلکار این سی اے کے کسی حکم یا اقدام کے خلاف عدالت میں نہیں جا سکتے۔ جسٹس کاسی کے فیصلے کے خلاف درخواست گزاران نے انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزاران کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے مقابلے میں ایکٹ کی حیثیت ثانوی ہوتی ہے اور آئین کا آرٹیکل 199درخواست گزاروں کو عدالت سے رجوع کرنے کا پورا حق دیتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم جو بلحاظِ عہدہ این سی اے کا چیئرمین ہوتا ہے اور چیئرمین نیسکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آئندہ کے لئے ملتوی کر دی ہے۔
انٹراکورٹ اپیل
این سی اے کے چار افسران کو ترقی نہ دینے کی انٹراکورٹ اپیل، وزیراعظم اور چیئرمین نیسکام سے جواب طلب
این سی اے کے چار افسران کو ترقی نہ دینے کی انٹراکورٹ اپیل، وزیراعظم اور چیئرمین نیسکام سے جواب طلب
Nov 01, 2013