رقم تقسیم کرنے کے تنازع پر جیب تراش ‘ کاروباری رنجش پر ہوٹل ٹھیکیدار قتل
لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) رقم تقسیم کرنے کے تنازعہ پر جیب تراش جبکہ کاروباری رنجش پر ہوٹل ٹھیکیدار کو قتل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق معظم خان اور نواز دونوں ٹبی سٹی کے رہائشی تھے جو لاری اڈا اور داتا دربار کے علاقوں میں جیب تراشی کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے گزشتہ روز جیب تراشی کے دوران ملنے والی رقم کے تقسیم پر دونوں کے مابین جھگڑا ہو گیا تو معظم خان نے تیز دھار آلے سے پے در پے وار کرکے نواز کو قتل کر دیا۔ پولیس نے نعش مردہ خانے جمع کرا دی۔ دریں اثناءباغبانپورہ کے علاقہ لکھوڈیر گاﺅں کے رہائشی ایک بچے کے باپ 38 سالہ نوید نے چند ماہ قبل نولکھا میں ایک ہوٹل ٹھیکے پر لیا گزشتہ شب محمد نوید ہوٹل میں بیٹھا تھا کہ کاروباری رنجش پر اس کے مخالفین منیر بٹ، ملک عاطف اور چار نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔