اسلام آباد (آن لائن) پاکستان ‘ افغانستان اور ترکی کی سہ فریقی سربراہ کانفرنس آج منگل سے ترکی کے دارالحکومت اسنتبول میں شروع ہو رہی ہے۔کانفرنس کا مقصد خطے میں امن و سلامتی اور اقتصادی استحکام کو فروغ دینا ہے ۔ صدر آصف علی زرداری پاکستان کی نمائندگی کریں گے جو وفد کے ہمراہ استنبول پہنچ چکے ہیں۔ ترکی کی میزبانی میں دارالحکومت اسنتبول میں ہونے والا یہ چھٹا سہ فریقی اجلاس ہے ،دریں اثناءکانفرنس کے باضابطہ آغاز سے قبل ترک صدر عبداللہ گل صدر آصف علی زرداری اور صدر حامد کرزئی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد کانفرنس کے پہلے سیشن میں تینوں صدور اور پھر وفود کے ساتھ تینوں ملکوں کے سربراہان میں مذاکرات ہوں گے۔کانفرنس کے دوران تینوں راہنما تجارت کا حجم بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ استنبول میں افغان صدر سے صدر کی ملاقات بھی ہو گی جس میں دونوں راہنما دو طرفہ تعاون اور دونوں ملکوں کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے امور پر بات چیت کریں گے۔ ملاقات میں خطے کو درپیش دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔دریں اثناءافغانستان کے مسئلے پر استنبول میں عالمی کانفرنس کا بھی انعقاد ہو گا،2 نومبر کو ہونے والی اس کانفرنس میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک سمیت14 ملکوں کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ حنا ربانی کریں گی۔ افغان صدر حامد کرزئی سہ فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اپنے دورے کے دوران پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور ترک ہم منصب عبداللہ گل سے ملاقات کرینگے جس میں ان ممالک کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024