نیویارک+ واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) عالمی میڈیا نے پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں ہونےوالے جلسہ کو حیران کن شو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حکومت مخالف تحریک میں تیزی آ سکتی ہے جبکہ عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو امریکہ کےلئے باعث تشویش قرار دیا ہے۔ امریکی اخبارات ”واشنگٹن پوسٹ“ اور نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے جلسے میں ایک لاکھ کے لگ بھگ لوگ موجود تھے۔ عمران خان حکمران جماعت پیپلز پارٹی اور اس کی روایتی حریف مسلم لیگ (ن) کیخلاف سنجیدہ چیلنج بن کر اُبھرے ہیں۔ حکومت مخالف تحریک میں تیزی آسکتی ہے۔ عمران خان کی امریکہ مخالف اور بدعنوانی کےخلاف باتوں نے انہیں شہری نوجوانوں میں مقبول بنا دیا ہے۔ نوجوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت سے ثابت ہوتا ہے پاکستان کی سیاست تبدیل ہو رہی ہے۔ اخبارات کے مطابق عمران کی تقریر غیر معمولی نہیں تھی لیکن انکی سیاستدانوں کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے کی بات نئی بات تھی۔ عمران خان نے فوج کے بارے میں کوئی بات نہیں کی کیونکہ عام خیال یہ ہے کہ فوج انکی حماےت کر رہی ہے۔ برطانوی اخبار ”ٹیلیگراف“ نے لکھا کہ کامیاب جلسہ سے عمران خان پاکستانی سیاست میں ایک طاقت بن کر ابھرے ہیں۔ غیرمحفوظ اور معاشی مسائل سے دوچار پاکستان میں عمران خان کے احتساب کی کال کی باز گشت پھیل رہی ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے عمران خان کی ریلی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انکی 2013ءکے انتخابات کی مہم کہی جا سکتی ہے۔ دی ٹائمز کے مطابق عمران خان کی ریلی ایک شاک تھا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024