اسلام آباد + لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوامی نمائندے اپنے اصل اثاثے ظاہر کریں۔ بوگس اثاثے ظاہر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے فورم ہونا چاہئے۔ صحافیوں کے تحفظ کے لئے حکومت نے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے جو کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ اس بل کا اہم نکتہ ”جرنلسٹ پروٹیکشن فنڈ“ تھا جس کا وزیراعظم پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں پیمرا کے ریجنل آفس لاہور کے دورہ کے دوران فردوس عاشق نے کہا کہ حکومت آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ پیمرا کو مضبوط اور مزید فعال بنانے کے لئے کونسل آف کمپلینٹس کے موثر کردار کی ضرورت ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہی ممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کونسل آف کمپلینٹس شکایات کے ازالہ اور چینلز کی مانیٹرنگ کے لئے انتہائی اہم ہے‘ لاہور میں اسے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو نظام مضبوط ہو گا۔ کرپشن کی ایک وجہ اداروں کا کمزور ہونا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن چینلز کی مانیٹرنگ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ضروری ہے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024