انسانی سمگلنگ کے سنگین الزامات, اٹلی سے تین پاکستانی گرفتار

May 01, 2025 | 10:20

اٹلی کے مختلف شہروں تورین، کتانزارو اور بریسیا میں ایک مربوط آپریشن کے دوران انسانی سمگلنگ کے الزامات میں تین پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی پاکستانی عدالتی حکام کی درخواست پر عمل میں لائی گئی، جس میں بین الاقوامی پولیس اور اٹلی کی ریاستی پولیس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے 14 جون 2023 کو یونان کے ساحلی شہر پیلوس کے قریب پیش آنے والے ایک دلخراش حادثے میں غیر قانونی امیگریشن کی سہولت فراہم کی، جس میں سینکڑوں پاکستانی تارکین وطن جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی روشنی میں ان تینوں پاکستانیوں کو سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کی سازش میں ملوث قرار دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، ان تینوں افراد کے خلاف پاکستانی عدالتوں کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ کی بنیاد پر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مقامی پراسیکیوٹر جنرل کے تعاون اور متعلقہ اپیل عدالتوں کی توثیق کے بعد ان کی باقاعدہ حراست عمل میں آئی۔ اطالوی پولیس کے مطابق، کیس میں مزید تین پاکستانی شہریوں کی تلاش جاری ہے، جو اب بھی مفرور ہیں۔ پولیس نے اس حوالے سے بین الاقوامی سطح پر رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ ان مطلوب افراد کو بھی جلد گرفتار کیا جا سکے۔

مزیدخبریں