نئی دہلی+اسلام آباد+ سری نگر+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی +کے پی آئی) نیویارک ٹائمز نے پہلگام فالز فلیگ کی آڑ میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کا پردہ فاش کر دیا۔ امریکی جریدے کے مطابق پہلگام واقعہ کے بعد مودی سرکار اور انتہا پسند ہندوؤں کی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے خلاف مہم میں تیزی آ گئی، ہزاروں مسلمانوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے گھر تک مسمار کردیئے گئے۔ ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا کہ پہلگام میں حملہ کو اقلیتی گروپوں پر انتقامی کارروائیوں کے جواز کے طور پر نہیں استعمال کیا جانا چاہئے، ایسا کرنے سے مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل بھی متوقع ہے۔ دوسری جانب بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون میں مشہور سیاحتی مقام مسوری میںدو کشمیری شال فروشوں پر حملے بعدکم از کم 16کشمیری شال فروش جلد بازی میں علاقہ چھوڑنے پر مجبورہوئے ۔ حملے کی ویڈیو میں جوسوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے ، دیکھا جاسکتا ہے کہ مال روڈ پرکئی افراد دو شال فروشوں کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں اورانہیں گالیاں دے رہے ہیں۔ انتہاپسند حملہ آوروں نے ان سے شناختی ثبوت مانگے اور علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارت بالخصوص مسوری میں کشمیری شال فروشوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے ان کی حفاظت کی ضمانت دینے سے انکار کے بعد انہیں قصبے سے فرار ہونا پڑا۔میرواعظ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعے کو انتہائی پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ پورے بھارت میں کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: پہلگام واقعہ کے بعد مودی حکومت کی مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں تیز، ہزاروں گرفتار، کئی گھر مسمار کر دیئے: امریکی اخبار
May 01, 2025