لاہور (سپورٹس رپورٹر )پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بولنا مجھے بھی آتا ہے، ہر کوئی بول سکتا ہے تو ہمیں بھی بولنا آتا ہے لیکن عزت نفس بھی کوئی چیز ہوتی ہے، مجھے میرے بڑوں نے سکھایا ہے کہ ہر کسی کی عزت کرنا ہے۔ لوگ مجھے کریز پر زیادہ دیر تک دیکھنا چاہتے ہیں، لوگوں کی مجھ سے توقعات زیادہ ہوتی ہیں، میں اپنی چھوٹی اننگز سے بھی لطف اندوز ہوتا ہوں لیکن لوگوں کی توقع کے مطابق لمبا نہیں کھیل پا رہا۔ مجھ سے غلطیاں ہوتی ہیں اور اگلی مرتبہ دور کرنے کی کوشش کرتا ہوں لیکن پھر کوئی اور غلطی ہو جاتی ہے، ایسا کرکٹ میں ہوتا رہتا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ آپ کتنا فوکس رہتے ہیں میں اب بھی بہت فوکس ہوں، میں اپنی گیم کے مطابق چلتا ہوں۔ مجھے بھی اندازہ ہے کہ آج کل سٹرائیک ریٹ اور تیز کھیلنے کی بات ہوتی ہے، مجھے پتہ ہے کہ کرکٹ کہاں جا رہی ہے، مجھے کسی کو ثابت نہیں کرنا کہ میں کیسا پلیئر ہوں، سب کو پتہ ہے، میں کیسا پلیئر ہوں، میں ہمیشہ صورتحال اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتا ہوں، سٹرائیک ریٹ کا مجھے پتہ ہوتا ہے۔ جتنے بیٹنگ نمبر میں نے تبدیل کئے ہیں کسی نے نہیں کئے، کسی کے آنے پر بابر نے ہی نمبر تبدیل کئے ہیں، بابر کبھی نمبر 3 پر چلا جاتا ہے کبھی اوپن آجانا ہے، میرے لیے پاکستان پہلے ہے، فرنچائز کی ڈیمانڈ تھی اوپن کروں، پھر جو پاکستان کی ضرورت ہے وہاں کھیلتا ہوں، میرا کبھی اپنا انفرادی ہدف نہیں رہا کہ میں اوپنر ہی کھیلوں گا، میں ٹیسٹ میں اوپن کر چکا ہوں۔، میں نے 6 نمبر سے شروع کیا اور پھر اوپر نیچے ہوتا اوپنر تک آیا، میں نے کبھی نہیں کہا کہ اس نمبر پر نہیں کھیلوں گا کہ میری کارکردگی اچھی نہیں ہوگی۔
بولنا بھی آتا ہے لیکن بڑوں نے عزت کرنا سکھایا :بابر اعظم
May 01, 2025