وزیر اعلیٰ تقریب حلف برداری ‘ سکیورٹی کے سخت انتظامات‘مہمانوں کی چیکنگ
لاہور(وقائع نگار)نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے گورنر ہائوس،وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور پنجاب اسمبلی سمیت شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر نے کی ہدایت کی تھی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے گورنر ہائوس،سی ایم سیکرٹریٹ سمیت مختلف اہم مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے اور شہر کا امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔بلال صدیق کمیانہ نے سینئر پولیس افسران کو گورنر ہائوس، سی ایم سیکرٹریٹ اور اطراف میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔گورنر ہائوس آنے والے تمام اشخاص کو مکمل شناخت اورچیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی گئی۔کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا گاڑی کوگورنر ہائوس میں ہر گز داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے بالخصوص الحمرہ ہال سے لے کر ایوان وزیراعلیٰ چوک تک بیرئیر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کو بند کر رکھا یہاں تک کہ پیدل چل کر جانے کی بھی اجازت نہ تھی ۔ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر عا بد خا ن پولیس نفری کی قیادت کرتے ہوئے وہاں پر موجود رہے جبکہ قیدیوں کو لانے لیجانے والی گاڑی سمیت واٹر کین گاڑی بھی موجود تھی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کے کسی کارکن یا رہنما کو تقریب کو متاثر کرنے کی جرات پیدا نہیں ہو۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کے موقع پر گورنر ہاوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن(ر) مستنصر فیروز نے ڈی آئی جی آپریشنز کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔