عید پر کھانے میں خصوصی احتیاط برتنی چاہئے : ڈاکٹر اسرار الحق طور

لاہور (نیوز رپورٹر) عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو کھانے پینے اور پیٹ کے معاملات کو معمولات پر لانے میں خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔ ایک ماہ روزے رکھنے کے بعد اچانک تیز مصالحے و چٹ پٹے کھانے اور مرغن غذائیں انسان کی جسمانی نظام کو متاثر کرسکتی ہیں جس سے نہ صرف آپ نڈھال بلکہ موٹاپے کا شکار بھی ہوسکتے ہیں،روزے داروں کو معدے پر فوری بوجھ ڈالنے کے بجائے آہستہ آہستہ روٹین میں واپس آنا چاہیے۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر اسرار الحق طور نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعصابی بیماریاں، دماغی کمزوری، بلند فشار خون، ذیابیطس اور پیٹ کے متعدد امراض زیادہ کھانے سے ہی لاحق ہوتے ہیں لہذا رمضان کے فوری بعد کھانے میں اعتدال سے کام لیا جائے تو بہتر ہے۔