مری ٹورازم پولیس کیلئے خصوصی تربیت یافتہ فورس تعینات
لاہور(وقائع نگار) پنجاب کے خوبصورت سیاحتی مقام مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس نے سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے مری ٹورازم پولیس کا اآغاز کر دیا ہے۔آر پی او اور سی پی او راولپنڈی نے لوئر ٹوپہ کے مقام پر مری ٹورازم پولیس کا افتتاح کیا۔آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان نے بتایا کہ شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت اور خدمت کیلئے تھانہ پتریاٹہ اور تھانہ پھگواڑی فنکشنل کر دیئے گئے ہیں، مری میں ایس پی کوہسار پہلے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ مری ٹورازم پولیس کیلئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ فورس تعینات کی گئی ہے۔ مری ٹورازم پولیس کیلئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ فورس تعینات کی گئی ہے جس میں مرد اور خواتین افسران و اہلکار شامل ہیں۔ مری ٹورازم پولیس میں ابتدائی طور پر 150 پولیس افسران و اہلکار، ایک خصوصی ٹورسٹ وین، 3 خصوصی طور پر تیار گاڑیاں، 25 موٹر سائیکلز، گھڑ سوار دستہ شامل ہیں جس میں بعد ازاں مزید اضافہ کردیا جائے گا۔ مری ٹورازم پولیس کو خصوصی طور پر تیار کردہ گاڑیاں اور موٹرسائیکل فراہم کی گئی ہیں جبکہ مری ٹورازم پولیس سیاحوں کیلئے خصوصی ٹورازم وین بھی تیار کی گئی ہے،سیاحوں کی حفاظت و سہولت کیلئے ٹورازم پولیس میں گھڑ سوار اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے۔ مری ٹوررازم پولیس سیاحوں کو مدد، تحفظ اور سہولت فراہم کرتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کریگی جبکہ مری میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پنجاب کے دیگر اضلاع جہاں سیاحتی مقامات موجود ہیں جیسا کہ فورٹ منرو، ننکانہ، کٹاس راج، کلر کہاڑ وغیرہ میں بھی پنجاب ٹورازم پولیس کا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے مری ٹورازم پولیس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری ٹورازم پولیس کا آغاز سیاحوں کی سہولت کیلئے خاص طور پر عید الفطر سے قبل کیا گیا ہے۔ مری ٹورازم پولیس ساتوں دن چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دیگی۔ عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ کیلئے سیاحوں کی سہولت کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ۔سیاحوں کی آگاہی اور راہنمائی کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی۔ چھٹیوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔