قبلہ اول کی آزادی کیلئے مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا:علماء وسیاسی رہنما
لاہور(خصوصی نامہ نگار)مظلوم فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ’’قبلہ اول کی آزادی قریب ہے‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس میں ملک کی نامور مذہبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور کہا کہ اگر یہود و نصاری اسرائیل کی بقا کے لیے یکجا ہیں تو پھر قبلہ اول کی آزادی کے لیے امت مسلمہ کو بھی باہم ہونا ہو گا۔ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کو متحد کرنے کیلئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کی پشت میں خنجر کی مانند ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے جدوجہد کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی مسلمانوں کیلئے بھی اپنی آواز بلند کی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے کہا کہ یہودیوں نے ہولوکاسٹ کے بہانے مسلمانوں کو قتل کیا چاہے وہ معصوم بچے ہی کیوں نہ ہوں۔اسرائیل صرف مسلمانوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے۔ شیعہ سنی مل کر جب بھی ظلم کے مقابلے میں آئے، اسلام دشمنوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔گریٹر اسرائیل کا احمقانہ خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ جس طرح آج ہم یہاں شیعہ سنی اکھٹے ہوئے ہیں ۔اسی طرح فلسطین کے مسلمانوں کی حمایت کے لیے مسلمان حکمران ان شا اللہ متحد ہوں گے۔ بیرسٹر عامر نے کہا کہ اسلامی ریاستوں کو چاہیے کہ یوم القدس کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کریں۔قبلہ اول کی آزادی اب زیادہ دور نہیں رہی۔جس طرح مسلمان فرانس کے مسئلہ پر ایک آواز بن کر اٹھیں ہیں اسی طرح اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خلاف اٹھنے کی ضرورت ہے۔