پاکستان ،افغانستان میں امن کےلئےاپنی کوششیں جاری رکھےگا:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے تنازعہ کے حل کے سلسلے نئی کوششوں سے افغانستان اورخطے میں نئی امید اور مواقع پیدا ہوگئے ہیں جنھیں نظر انداز کرنے کا کوئی بھی متحمل نہیں ہوسکتا ۔ وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں سیاستدانوں، صحافیوں ، ماہرین تعلیم اورتاجروں پر مشتمل افغان وفد سے گفتگو کررہے تھے .انہوں نے پرامن اورمستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کی شدید خواہش کااظہار کیا ۔وزیرخارجہ نے وفد کو جاری امن عمل کے سلسلے میں پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا اورامیدظاہر کی کہ اب تک کی پیش رفت کا افغانوں کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات کی صورت میں برآمد ہوگا ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ بیان جس میں افغانوں کے درمیان مذاکرات پرزردیاگیا ہے تنازعہ کے پرامن حل کے سلسلے میں ہماری مخلصانہ خواہش کا اظہار ہے جو افغانستان اورخطے کی ترقی کیلئے اولین تقاضا ہے ۔افغان امن عمل میں سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے اہم کردارکوسراہتے ہوئے وفد نے اس مسئلے کے بارے میں علاقائی اتفاق رائے پیداکرنے میں وزیرخارجہ کی ذاتی دلچسپی کوسراہا ۔وفد نے اعتماد سازی، سیاسی تعاون مستحکم بنانے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اوراقتصادی تعاون بڑھانے کے سلسلے میں تجاویز بھی پیش کیں۔وزیرخارجہ نے افغان وفد سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کو عوام کے عوام سے تبادلوں کیلئے اوردنوں ملکوں اورخطے کو روشن اور خوشحال مستقبل کی جانب گامزن کرنے کیلئے قریبی تعاون کرناچاہیے۔