افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ، 3 جوان شہید، 7 زخمی،پاک فوج نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 اہلکار شہید اور 7 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ردالفساد میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج سرحد پر آزادانہ نقل و حرکت روکنے کے لیے باڑ لگانے میں مصروف تھی کہ افغانستان سے آئے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں الواڑہ کے مقام پر باڑ نصب کرنے والے جوانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنادیا۔ تاہم کارروائی کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 60 سے 70 افغان دہشت گردوں نے الواڑہ میں حملہ کیا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوگئے۔ پاکستان کی سرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام تمام تر رکاوٹوں کے باوجود جاری رہے گا۔افغان فورسز کو اپنی طرف دہشت گردوں کے خلاف موثر کنٹرول کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ پاک افغان سرحد پر 2 ہزار 611 کلومیٹر تک باڑ لگائی جانی ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے سرحد پر911 کلومیٹر تک باڑ لگائی جا چکی ہے۔ چونکہ علاقہ میں مزدوروں کو لے جانا ممکن نہیں ہے ۔اس لیے سرحد پر باڑ لگانے کا کام فوجی جوان خود کر رہے ہیں۔
پاک افغان سرحد کے اونچے، پتھریلے اور پرخطر پہاڑوں پرباڑ لگانا انتہائی مشکل کام ہے۔ تاہم موسم کی شدت کی پرواہ کیے بغیر پاک فوج کے اہلکار باڑ لگانے کے سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی آمدورفت کو روکنا ہے۔