شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین سے متعلق متنازع بیان پر معذرت کرلی

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے پاکستان تحریک انصاف کی خواتین سے متعلق متنازع بیان پر معذرت کرلی ہے۔انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مخالف سیاسی جماعتوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے صبر و تحمل اور شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ایسے الفاظ سے گریز کریں جن سے کسی کی دل شکنی ہو۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مسلم لیگ نون کے بعض رہنماوں کے بیانات سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو اس پر معذرت کرتا ہوں۔مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے وفد نے ملاقات کی. اس موقع پر شہباز شریف نے مزید کہا کہ الیکشن میں سب کو یکساں مواقع ملنے سے ہی پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا، عمران خان کو خیبر پختونخوا میں 11 نکات پرعمل درآمد کا موقع ملا تاہم انہوں نے فائدہ نہیں اٹھایا۔خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کے خواتین کے بارے میں بیان پر تحریک انصاف کا سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔ رہنما پی ٹی آئی علی زیدی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران سوال اٹھایا تھا کہ کیا مریم نواز رانا ثنا کے بیان کی مذمت کریں گی ,علی زیدی نے دھمکی دی تھی کہ اگر شہبازشریف نے بطور صدر ن لیگ اس بیان پر معافی نہ مانگی تو گورنر ہاوس کراچی پر خواتین کا احتجاج ہوگا۔یاد رہے کہ رانا ثنا اللہ نے 29 اپریل کو لاہور کے مینار پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شریک خواتین کے حوالے سے نازیبا جملے ادا کیے تھے جس پر پی ٹی آئی کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔