تمام سیاسی پارٹیاں مشترکہ چارٹر آف ہیومن رائٹس پر متفق ہوں،فرحت اللہ بابر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اسلام آباد میں ایچ آر سی پی کی جانب سے کرائے گئے ایک مشاورتی مذاکرے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء انتخابات کا سال ہے اور تمام سیاسی پارٹیاں اپنے منشور پیش کرنے والی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ ایک مشترکہ چارٹر آف ہیومن رائٹس پر متفق ہوں اور اس میں بنیادی حقوق اور آزادی اظہار سب سے مقدم رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک آزادی اظہار پر ریاست کی نظرآنے والی قوتوں کے ساتھ غیرریاستی عناصر بھی حملہ آور ہوتے رہے ہیں لیکن اب ان دیکھی اور غیر مرئی قوتوں کی جانب سے حملہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار بنیادی حق ہے جس کے بغیر دیگر تمام حقوق کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمرئی قوتیں آزادی اظہار کو کبھی میڈیا کے ہاتھ مروڑنے، اختلافی آواز جیسا کہ پی ٹی این کا بلیک آئوٹ کرنے اور میڈیا کے معاملات میں دخل اندازی کرکے آزادی رائے کو دبا رہی ہیں۔ اس مذاکرے سے آئی اے رحمن، افراسیاب خٹک، سینیٹر میر کبیر شاہی، فرزانہ نار ی اور ظفراللہ خان نے بھی خطاب کیا۔