خان 22 سال میں اپنی تقدیر نہ بدل سکا، ملکی تقدیر کیا بدلے گا: شہباز شریف
اسلام آباد +لاہور (وقائع نگار خصوصی +صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مینار پاکستان پر جلسے میں عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پانچ سال ایک صوبہ میں حکومت کرنے کے بعد بھی آپ شوکت خانم، نمل یونیورسٹی اور کرکٹ ورلڈکپ کے پیچھے چھپ جائیں تو سمجھ لیں شکست آپ کا مقدر ہے جو شخص گزشتہ 22 برس سے تقریر نہیں بدل سکا ایسے شخص سے ہمارے ملک کا ایک طبقہ تقدیر بدلنے کی امید لگائے بیٹھا ہے۔ خان کی ساری تقریر کا متن صرف ’’میں‘‘ ہے۔ یعنی ’’میں‘‘ تو سب کچھ ممکن اگر میں نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سوچ طلب بات یہ ہے کہ جس شخص کو اپنے آپ سے ہٹ کر کوئی دوسرا نظرنہیں آتا، وہ ایک پاکستان کیسے بنا سکتا ہے۔ کاش کے پی کے کے بارے میں اپنی کارکردگی اور 23 مارچ 2013ء کو مینار پاکستان پر کئے وعدے کے بارے میں بتا دیتا کہ ان وعدوں اور دعوؤں کا کیا بنا۔ احتساب کا نظام کیوں بند رکھا۔ گرلز تعلیمی ایمرجنسی کیوں نافذ نہ کی۔ ایک نصاب تعلیم کیوں نہیں دیا۔ نئے ہسپتال اور نئے تعلیمی ادارے کیوں قائم نہیں کئے۔ زرعی ایمرجنسی کیوں نافذ نہ کی۔ شوگر مافیا میں شوگر کنگ جہانگیر خان ترین شامل ہے۔ نئے ریکارڈ قرضے کیوں لئے، ہائیڈرو بجلی گھر کیوں قائم نہ کئے۔ کچھ پانچ سال کی کے پی حکومت کی کارکردگی تو پیش کر دیتے۔وزیراعلی پنجاب نے مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہماری سیاست ملک و قوم کی خدمت اور ترقی ہے اور رکاوٹوں کے باوجود ہم نے تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھایا لیکن قوم کو اندھیروں سے دوچار کرنے والوں کو ترقی کے سفر سے تکلیف ہو رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین نے پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی، شکست خوردہ عناصر کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ الیکشن کی آمد سے قبل آزاد پنچھی ہمیشہ اپنی راہ لیتے ہیں لیکن جن میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ اور وفاداری ہے وہ ہر پریشر کا مقابلہ کرتے ہوئے چٹان کی طرح اپنی جگہ پر مضبوط ہیں۔ لاہور کے جلسہ میں گیارہ نکات میں تعلیم ، صحت ، زراعت کی بات کرنے والے پہلے خیبرپختونخواہ کا حساب دیں ،عمران خان کے دل میں اب عوام کا درد جاگا ہے وہ پانچ سال قبل کہاں تھے۔ عوام 2018 ء کے انتخابات میں جھوٹ ، مکرو فریب اور دشنام طرازی اوردھرنا سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔قائد پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف ،وفاقی وزرائ،مسلم لیگی رہنماء ،حمزہ شہبازشریف،مریم نوازاورپارٹی عہدیداران اجلاس میں موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2011 ء کے مقابلے میں عمران خان کا 2018 ء کا جلسہ ہر اعتبارسے ناکام تھا ،جس میں لاہور کے مقامی افراد کی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی اور عوامی جوش و جذبہ بھی ناپید تھا اس جلسے میں صرف ٹکٹ کے امیدوار لوگوں کو ہمراہ لائے جو عمران خان کی ناکام سیاست کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے قوم کی بڑی خدمت کی ہے ان کی جواں مردی ، جرات اوربہادری رنگ لائے گی اورپارٹی انتخابات میں شاندار کامیابی سمیٹے گی۔ انہوںنے کہاکہ کئی ہچکولوں بے یقینی کی صورتحال کے باوجود قومی ترقی کی شرح5.8فیصد رہی ہے جو گذشتہ 13سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔ ہماری حکومت کی طرف سے کسانوں کو سستی کھاد ،بلاسود قرضے ،زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کے نرخوں میں سبسڈی کی فراہمی کی مرہون منت ہے۔وہ کروڑوں روپے خرچ کر کے پورے پاکستان سے لوگ لاہور لے کر آئے،وہ لوگ لاہور کی ترقی دیکھ کر اب ہمارے ووٹر بن چکے ہیں ۔دریں اثناء شہبازشریف نے لیہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں جنوبی پنجاب کی پہلی سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ 9 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی پتھالوجی لیب میں 43 اقسام کے روزانہ 436 ٹیسٹ ہو سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پتھالوجی لیب کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور پتھالوجی ٹیسٹ کے بارے استفسار کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کی پتھالوجی لیب کا انتظام امریکہ کی معرف نارتھ شور میڈیکل لیبارٹری کے سپرد کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مفت علاج کی سہولت کا دعویٰ پورا کرنے کیلئے پتھالوجی لیب میں ٹوکن فیس وصول کی جائے باقی اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ پنجاب بھر کے 40ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کواسی ماڈل پر اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔وزیر اعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان جھوٹا آدمی ہے ، بے بنیاد الزامات لگاتا ہے - ان کی باتوں کا جواب دینا وقت کا ضیاع اور سچائی کی توہین ہے -