حیدر آباد میں نظریاتی متوالوں پر تشدد المیہ ہے: خلیل ستی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ کے سینئر رہنماء و سابق مرکزی صدر یم ایس ایف خلیل ستی نے اتوار 29 اپریل کو حیدر آباد میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں صوبائی صدر اور صوبائی جنرل سیکرٹری کے انتخاب کے موقع پر نظریاتی متوالوں کو احتجاج کرنے اور لوٹے لہرانے پر ایک نومنتخب عہدیدار کے کارندوںکی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ خلیل ستی نے کہاکہ کسی بھی جمہوری ملک میں احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے کارکن بھی پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کا حق رکھتے ہیں حیدر آباد کا واقعہ مرکزی قیادت کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کی موجودگی میں ہونے والے واقعہ کا نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں‘ نظریاتی کارکنوں کو سندھ میں یوں ہی مارا پیٹا جاتا رہے گا تو اس کا نقصان پارٹی کو ہی ہو گا‘ سندھ میں مسلم لیگ پہلے ہی کمزور ہے اس سے مزید کمزور ہو جائے گی۔