جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے کراچی آپریشن جاری رہے گا گورنرسندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صوبہ با الخصوص کراچی شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور ہر قسم کے جرائم کے خاتمہ میں پولیس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں پولیس کا رویہ اور عوام کا پولیس سے تعاون جرائم کی بیخ کنی میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔وہ گورنرہاؤس میں انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ سے گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال ، جرائم کے خاتمہ کے لئے جاری ایکشن ، اسٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ،حساس مقامات پر نگہبان کیمروں کی تنصیب، صوبہ کے داخلی و خارجی راستوں پر موئثر انتظام ،جرائم کے خاتمہ میں پولیس کی استعداد اور بہتر نتائج کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 2013 ء کے مقابلے میں آج ساز گار ماحول کے باعث صوبہ با الخصوص کراچی میں سیاسی ، معاشی اقتصادی ، کاروباری ، تجارتی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور دیگر سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ دیکھا جارہا ہے ، ملک کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار روشنیوں کا شہربن گیا ہے ، ہرطرف سیاسی ، سماجی ، معاشی اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، شہر کے باسی احساس تحفظ کے باعث رات گئے جاری رہنے والی سرگرمیوں میں بھی بھرپور طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں جو کہ موجودہ حکومت کی کامیابی کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں پیش کرکے شہر میں امن وامان قائم کیا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی ،امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے شہر میں ٹارگیٹیڈ آپریشن جاری رہے گا ، شہر کے مکین رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔